سیالکوٹ(این این آئی،ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ترجمانوں نے انکی صحت کے حوالے سے واویلا مچا رکھا تھا،شہباز شریف نے ضد کر کے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ لیا اور اب خود ہی چھوڑ گئے ،نوازشریف کی بیماری محل سے جڑی ہے ، وہ جیل جاتے ہی بیمار ہوجاتے ہیں،دنیا کی جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ لندن کے ہسپتال میں ان کی تشخیص نہیں ہو سکی، نوازشریف کی نبض پر ہاتھ رکھ کرکوئی سیاستدان ہی بتاسکتا ہے کہ ان کو سیاسی بیماری ہے ،دوسرا بھائی بیمار کے ساتھ سہولت کار کے طور پر ساتھ گیا، ہمیں سہولت کار کی بیماری کا بھی پتہ ہونا چاہئے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نواز شریف کے یہاں پلیٹ لیٹس کم ہورہے تھے اور بلڈ پریشر بڑھ رہا تھا، آج ان کو گئے ہوئے کئی دن ہوگئے لیکن بیماری سے متعلق کوئی بات سامنے نہیں آئی، کیا نواز شریف کی زندگی کو لاحق خطرات پاکستان سے نکلتے ہی ختم ہوگئے ۔انہوں نے کہانواز شریف آستین چڑھا چڑھا کر کہتے تھے ووٹ کو عزت دوں گا، یہ بے روز گاروں کا ٹولہ اپنے آپ کو زندہ رکھنے کے لئے ڈگ ڈگی بجاتا ہے ۔علاوہ ازیں اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا فارن میں اکائونٹس، کاروبار،علاج کرانے والے فنڈنگ کیس میں منہ کی کھائیں گے ۔