واشنگٹن (نیٹ نیوز)بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی اہمیت ختم کرنے کے بعد وادی میں ہونے والے انسانی حقوق کے استحصال پر امریکی میڈیا بھی بول پڑا اور اقوام متحدہ کے کردار پر سوالات اٹھادیے ۔سی این این کی جانب سے سوال اٹھایا گیا کہ ’آخر کب تک جنوبی ایشیا کے لوگ کشمیر میں امن قائم کرنے کے لیے سلامتی کونسل کے کردار کا انتظار کرتے رہیں گے ؟‘۔رپورٹ میں سلامتی کونسل میں 50 سال بعد مسئلہ کشمیر پر مشاورت کا حوالہ دیتے ہوئے مزید پوچھا گیا کہ ’کیا کشمیر جیسے اس اہم ترین مسئلے پر سلامتی کونسل مزید 50 سال گزرنے کے بعد اپنا کردار ادا کرے گا؟۔جبکہ واشنگٹن پوسٹ کے اداریے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو باور کروایا گیا کہ ’وہ بہت ہی خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں۔اخبار نے کہا کہ بھارت میں شفافیت کی روشنی ایک جانب لیکن کشمیر کو ایک تاریکی کے اندر اس کی خصوصی حیثیت سے محروم کردیا گیا۔اداریے میں یہ بھی کہا گیا کہ سری نگر کی گلیوں میں اب لوگوں کا ہجوم نہیں بلکہ بھارت کی سکیورٹی فورسز کے اہلکار موجود ہیں۔