لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کی حقیقی قیادت اور عوام نے دہلی میں سکرین کیا گیا تازہ مودی ڈرامہ بھی مسترد کردیا ، بھارت کی جانب سے کشمیریوں کو زیر اور تقسیم کرنے کے فاشسٹ ہتھکنڈے ناکام ہو گئے ، پاکستانی حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی کٹھن وقت میں کھل کر مدد نہیں کی ، کشمیر ایشو پر عوام ایک پیج پر جبکہ حکمران انٹر نیشنل ایجنڈے کو فالو کر رہے ہیں ،بجٹ میں ٹیکسز کی بھر مار ہے ،مارکیٹ میں آٹا کی قیمت مزید بڑھی یا شارٹیج ہوئی تو حکمران ذمہ دار ہوں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں جمعہ سے شروع ہونے والے مرکزی مجلس شوریٰ کے تین روزہ اجلاس کے ایجنڈے پر غور و غوض کے بعد اسے حتمی منظوری دی گئی ۔ سراج الحق مجلس شوریٰ کے اجلاس کے اختتام پر میڈیا کو بریفنگ دیں گے ۔ سراج الحق نے کہاکہ کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی ۔ قبل ازیں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سراج الحق نے سابق امرائجماعت اسلامی میاں طفیل محمد ؒ اور سید منورحسن کی ملک و ملت کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔