لاہور(خبرنگارخصوصی) سابق سیکرٹری خارجہ شمشاد احمد خان نے کہاکہ کشمیریوں کی قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں اجاگر ہوا ، بھارت اب بے نقاب ہوچکا ہے ، مسئلہ کشمیربھارتی ہٹ دھرمی اور عالمی طاقتوں کے مفادات کے باعث حل نہیں ہورہاکیونکہ بھارت ایک بڑی مارکیٹ ہے اور تمام دنیاکی توجہ کا مرکزہے جبکہ پاکستانی معیشت کی بدحالی، اندرونی خلفشار کے باعث نہ صرف غیر اہم ہے بلکہ دنیاکی نظروں میں کھٹکتاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب میں مسئلہ کشمیر پر میٹ دی پریس میں کیا۔صدر پریس کلب ارشد انصاری نے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، خزانچی سالک نواز، ممبر گورننگ باڈی محمدشاہد چودھری، رانا طاہر سمیت ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔شمشاد احمد خان نے کہاکشمیری کبھی بھی بھارتی تسلط کو قبول نہیں کرینگے ،اقوام متحدہ یہ مسئلہ کبھی حل نہیں کریگی کیونکہ وہ صرف بڑی قوتوں کے مفادات کیلئے قائم ہوئی ہے اور فلسطین، بوسنیا، شام اور کشمیر سمیت مسلم ملکوں کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے مسئلے کے حل کی تجویز دیتے ہوئے کہا پاکستان جنرل اسمبلی میں قراردادپیش کرے جسکی 96 ارکان حمایت کریں پھر قرارداد کو لیکر پاکستان عالمی عدالت انصاف میں جائے اور مسئلے کے حل کیلئے عدالت سے تجاویز مانگے ، جنگ مسئلہ کشمیر کا حل نہیں،یہ موقع ہے ہ کبھارت کے ظالمانہ اقدامات کے حوالے سے آگہی مہم چلا کر اسے دباؤ میں لایا جائے ۔