اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی ممنوعہ ذرائع سے پارٹی فنڈنگ سے متعلق اکبر ایس بابر کی اضافی درخواستوں پر سماعت،ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات کا معاملہ سکروٹنی کمیٹی سنے یا کمیشن، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فنڈنگ پر سکروٹنی کمیٹی سے ابتک کی گئی کاررو ائی کی رپورٹ ایک ہفتہ میں طلب کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا۔اکبر ایس بابر نے سکروٹنی کمیٹی کی بجائے ممنوعہ فنڈنگ کی سماعت الیکشن کمیشن کوخود کر نے کا مطالبہ کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ کی سربراہی میں ہونیوالی سماعت میں اکبر ایس بابر اور تحریک انصاف کے وکلا پیش ہوئے ۔ پی ٹی آئی وکیل شاہ خاور کا کہناتھا کہ سکروٹنی کمیٹی نے جو ریکارڈ مانگا فراہم کیا۔آج تک ہماری طرف سے کوئی تاخیر نہیں ہوئی۔تحریک انصاف نے سکروٹنی کمیٹی سے چھان بین واپس لینے کی مخالفت کی۔ و کیل اکبر ایس بابرنے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی ٹی او آرز کے مطابق کام نہیں کررہی،ہمیں ریکارڈ نہیں دیا جارہا۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فنڈنگ پر سکروٹنی کمیٹی سے تاحال کارروائی کی رپورٹ ایک ہفتہ میں طلب کرلی، کمیشن کا کہناتھا کہ 4 ہفتوں بعد سکروٹنی کمیٹی کی کارروائی کا دوبارہ جائزہ لیں گے ۔سکروٹنی کمیٹی سربراہ محمد ارشد پیش ہو ئے ۔چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ فائنل رپورٹ کب تک آئیگی؟سربراہ کمیٹی نے کہا کہ رپورٹ کا وقت نہیں بتا سکتا۔ اکبر ایس بابر کو مبینہ دھمکیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ،کمیشن نے اکبر بابر کو دھمکیاں ملنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس میں احسن اقبال کی درخواست پر سماعت ہو ئی۔وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی اکاؤنٹس کی تحقیقات کیلئے دیگر اداروں سے مدد لے ۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا آپ درخواست پر مزید دلائل دینگے جس پر احسن اقبال کے وکیل نے کہا کہ میں مزید دلائل دونگا، الیکشن کمیشن وقت دے جس پر سماعت 23 جون تک ملتوی کر دی گئی ۔دوسری جانب الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن فنڈنگ کیس کی سماعت میں ہوئی۔الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کو ریکارڈ سکروٹنی کمیٹی کو جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 3 جولائی تک ملتوی کر دی۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہاکہ پی ٹی آئی کی فارن فنڈنگ کا ایشو آج ختم ہوگیا،اب الیکشن کمیشن نے یہ دیکھنا ہے کیا کسی جماعت کو کوئی فنڈنگ ممنوعہ ذرائع سے تونہیں ہوئی۔ ہم نے تمام اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرا دی ہیں۔ان دونوں جماعتوں کو لینے کے دینے پڑ گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کیخلاف فنڈنگ کیس بد نیتی پر شروع کیا گیا ۔فرخ حبیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے اکاؤنٹس کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا۔مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہناتھا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔بیرون ملک سے پیسہ ان ذاتی اکائونٹس میں آیا۔پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کے ذریعے اقتدار میں آئی۔مسلم لیگ نے الیکشن کمیشن کو تفصیل دیدی ۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ ساڑھے پانچ سال میں فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔جب سے فارن فنڈنگ کیس فائل کیا ہے تب سے مجھے دھمکیاں دی جارہی ہیں۔