راولپنڈی( اپنے رپورٹرسے ،این این آئی) راولپنڈی میں ایم ایس سی طالبہ کے اغوا کے بعد زیادتی کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل جے آئی ٹی کے سربراہ ایس پی راول، ڈی ایس پی سٹی، اے ایس پی وارث خان آمنہ بیگ اور سب انسپکٹر خالدہ ممبرمقررکردیئے گئے ۔ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی، ملزم قاسم کے موبائل سے ملنے والے مواد کے مطابق 10 لڑکیوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم قاسم 2004 سے مختلف ویب سا ئٹس چلاتا ہے ،ملزم اور اس کی بیوی دونوں مل کر جرائم میں ملوث رہے ۔ذرائع کے مطابق ملزم کی بیوی معصوم لڑکیوں سے پہلے دوستی کرتی تھی، ملزم کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات اور بندش کیلئے سٹیٹ بینک کو خط لکھ دیا گیا ہے ۔ ادھرڈیوٹی سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی عمران امیر نے ایم ایس سی کی طالبہ سے زیادتی اور برہنہ ویڈیو بنانے کے مقدمے میں ملوث ملزم کو 14روز کے جو ڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل اڈیالہ بھجوا دیا اور آئندہ تاریخ پیشی پر چالان طلب کرلیا ہے ۔ گزشتہ روز تھانہ سٹی پولیس نے ملزم قاسم جہانگیر کو عدالت پیش کیا۔ تفتیشی آفیسر نے عدالت کوبتایاکہ ملزم سے تفتیش مکمل کرلی گئی ہے ،ملزم کو جیل بھجوا دیا جائے ۔