لاہور،گوجرانوالہ (جنرل رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،92نیوزرپورٹ) پنجاب کے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلہ کیلئے انٹری ٹیسٹ میں 74502طلبہ شریک ہوئے ۔ٹیسٹ کیلئے لاہور سمیت صوبے کے 13شہروں میں 33امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے ، نتائج کا سرکاری اعلان ایک ہفتے میں کیا جائیگا دوسری جانب یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی اور ملحقہ علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کے باعث آزاد جموں و کشمیر کے میڈیکل کالجوں میں آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں 30 اگست تک توسیع کردی اب تک 4177 امیدواروں نے سٹیٹ انٹری ٹیسٹ کی رجسٹریشن کروائی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر سے مجموعی طور پر74502 امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں 48472 طالبات جبکہ 26030طلبہ شامل تھے ،5802 اساتذہ نے نگرانی کے فرائض انجام دیئے لاہور میں7امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے جہاں مجموعی طور پر19940امیدواروں نے ٹیسٹ دیا ، فیصل آباد سے 8087، ساہیوال سے 4216، ملتان سے 11007، بہاولپور سے 3833، رحیم یار خان سے 1998، سرگودھا سے 3448، راولپنڈی سے 8898، حسن ابدال سے 1067، گجرات سے 2247 ، گوجرانوالہ سے 4080 ، سیالکوٹ سے 2353جبکہ ڈی جی خان سے 3328امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔لاہورسے اپنے سٹاف رپورٹر سے کے مطابق کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی نے امتحانی مراکز لارنس روڈ، لاہور کالج فار وومین اور گرلز سکول بیکھے وال کا دورہ کیا،92نیوز رپورٹ کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن وقاص علی محمود اور ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر نے بھی انٹری ٹیسٹ سنٹرز کا دورہ کیا۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزپروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا آئندہ سال ملک بھر میں بیک وقت انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کرایا جائے گا اور اگر پی ایم ڈی سی نے اجازت دی تو انٹر امتحانات کے اختتام کے تیسرے ہی دن انٹری ٹیسٹ لیا جائے گا تاکہ امیدواران کو اکیڈمی مافیا کی منہ مانگی ٹیوشن فیس سے بچایا جاسکے ۔