راولپنڈی،اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی،وقائع نگار) کینیڈین شہریوں کو وطن پہنچانے کی درخواست پر حکومت نے پی آئی اے کو خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت دیدی۔ تفصیلات کے مطابق کینیڈا نے پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا اور اپنے شہریوں کو وطن پہنچانے کی درخواست کی جو منظور کر لی گئی۔پی آئی اے کل کراچی اورلاہور سے کینیڈا کیلئے خصوصی پروازیں آپریٹ کریگی، ان پروازوں کے ذریعے 620 کینیڈین مسافروں کو ٹورنٹو پہنچایا جائے گا۔ اس سلسلے میں کینیڈین ہائی کمیشن نے پی آئی اے کو خط لکھا جس میں بتایا کہ ہائی کمیشن اپنے مسافروں کی لسٹ فراہم کرے گا، ہائی کمیشن کی فراہم کردہ لسٹ کے مطابق مسافروں کو ٹکٹس جاری کیے جائیں گے ۔دوسرا بوئنگ 777 طیارہ ٹورنٹو سے استنبول جائیگا اور وہاں پھنسے 170 پاکستانیوں کوواپس لایا جائے گا۔ پاکستان آنے پر تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ کر کے قرنطینہ میں رکھا جائے گا اور ٹیسٹ رپورٹ کلیئر آنے پر گھر جانے کی اجازت ہوگی۔دوسری جانب کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر جرمن سفارتی عملے اور دیگر جرمن شہریوں کی پاکستان سے روانگی کا سلسلہ جاری ہے ۔ گذشتہ روز خصوصی پرواز کے ذریعے 262 جرمن شہری براستہ دوحہ فرینکفرٹ روانہ ہو گئے ، ذرائع کا کہنا تھا کہ جرمنی جانے والوں میں سفارتی عملہ بھی شامل تھا۔ ذرائع کے مطابق قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر 7482 دوحہ سے خالی طیارہ لے کر اسلام آباد پہنچی تھی، فلائٹ سے جہاز کے عملے کو باہر آنے کی اجازت نہیں تھی۔ اسلام آباد ایئر پورٹ پر تمام جرمن شہریوں کو ٹکٹ جاری کیے گئے ، تمام جرمن شہریوں کو سفارتخانے نے اتھارٹی لیٹر بھی جاری کیے تھے ۔