لاہور(سپیشل رپورٹر) لاہور میں ڈولفن سکواڈ کے شہریوں پر تشدد کی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔کیولری پل پر چیکنگ کے دوران ڈولفن اہلکار نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور بی اے ناصر اور ڈی آئی جی آپریشن سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ڈی ی آئی جی آپریشن لاہور اشفاق احمد نے اہلکاروں کو معطل کرکے لائن حاضر کردیا اور ایس پی بلا ظفر سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق کیولری پل پر ڈولفن اہلکاروں نے موٹرسائیکل سوار 2 نوجوانوں کو چیکنگ کے لئے روکا اور اس دوران ایک اہلکار نے ایک نوجوان پر تشدد شروع کردیا اور اس کے چہرے پر تھپڑ مارے ،واقعہ کی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور بی اے ناصر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ۔دوسری جانب سے ڈی آئی جی آپریشن لاہور اشفاق احمد نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ڈولفن سکواڈ بلال ظفر کوانکوائری کرکے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیا ہے جبکہ واقعہ میں ملوث ڈولفن ٹیم 302 کے اہلکاروں وقاص،احسن،دانش اور وقاص احمد کو معطل کرکے لائن حاضر کردیا گیا ہے ۔