اسلام آباد،سکھر، بہاولپور ( خبر نگار خصوصی، این این آئی ) ملک کے بعض علاقوں میں بارش اور بعض جگہوں پر شدید گرمی رہی، لوڈشیڈنگ نے بھی رہی سہی کسر نکال دی، بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے ، نعرے بازی کرتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہورسمیت کئی شہروں میں موسم گرم رہا لوگ محکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی کا انتظار کرتے رہے ، شارٹ فال میں کمی کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس سے گرمی سے ستائے افراد مزید تنگ آ گئے ۔سکھر میں بجلی کی غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے ، ،بجلی کے پنکھے کا علامتی جنازہ رکھ کر نعرے بازی کرتے رہے ، مظاہرین نے ہاتھوں میں مذمتی پلے کارڈ اور بینرز،بجلی کی تاریں اور پنکھے اٹھا رکھے تھے ۔بہاولنگر اور گردونواح میں بھی شدید گرمی کے باعث بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب ، بالائی خیبرپختونخوا،شمال مشرقی بلوچستان ، کشمیر اورگلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش جبکہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اورکشمیر میں تیزہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔سب سے زیادہ بارش بلوچستان کے علاقے کوہلو میں 30 ، بارکھان ، زیارت 7 ، لورالائی 6 ، ڈیرہ غازی خان،فورٹ منرو 10، سٹی 8 ، گلگت بلتستان، بونجی ، ہنزہ ، بگروٹ 3 ، استورایک اور بالاکوٹ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ درجہ حرارت، سبی اور دادو میں47ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 2 ہزار 200 میگاواٹ کی سطح پر برقرار رہا۔ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق اتوار کو بجلی کی مجموعی پیداوار22 ہزار800 میگاواٹ اور ملک بھر میں بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ رہی ۔ لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔