واشنگٹن(این این آئی )امر یکہ نے تاجروں اور سر مایہ کاروں کے ویزوں پر ایرانیوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عا ئد کردی ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق امر یکہ کی شہریت اور تارکینِ وطن کی خدمات کے محکمے نے کہا کہ ایرانیوں کو تجارت اور سرمایہ کاری کے مقاصد سے ویزوں کے اجراء پر پابندی اکتوبر2018ء میں ایران سے دوستی کے ایک دیرینہ معاہدے کی معطلی کے بعد عا ئد کی گئی ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے تب ایران پر اس کے جوہری اور میزائل پروگرام کے تنازع پر پابندیاں عا ئد کی تھیں۔امر یکہ کے غیرتارکین وطن کیلئے مختص ویزے ای 1اور ای 2 کے تحت دوسرے ممالک کے شہریوں کو امر یکہ میں داخلے کی اجازت ہے ۔ان ویزوں کے تحت وہ امر یکہ میں تجارت اور بھاری سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔اس امریکی سروس نے کہا کہ ایرانی اب ان ویزوں کے اہل نہیں رہے ہیں اور جو ایرانی اس وقت امر یکہ میں موجود ہیں وہ اپنے ویزوں کی میعاد ختم ہونے کے بعد واپس چلے جائیں۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ اس فیصلے سے کل کتنے ایرانی متاثر ہوں گے ۔ادھر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیونے کہاہے کہ ایران کا رویہ تبدیل ہونے تک اس پر انتہائی دباؤ کی مہم جاری رہے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزیرخارجہ نے ایران کے ساتھ معاملات کرنے والی کمپنیوں اور ممالک کو مزید امریکی پابندیوں کی دھمکی بھی دی۔ اپنی ٹویٹ میں امریکی وزیر خارجہ نے لکھا کہ ایرانی نظام پر انتہائی دباؤ ڈالنے کا سلسلہ جاری رہے گا یہاں تک کہ وہ اپنا رویہ بدل لے ۔ پومپیو نے متعلقہ ممالک اور کمپنیوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر آپ لوگوں نے اس (ایرانی) نظام کی سرگرمیوں کے لیے سہولیات پیش کیں تو آپ کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔