اسلام آباد، دی ہیگ (وقائع نگار خصوصی ، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ پاکستان کی فتح ہے ،اﷲ نے پاکستان کو سرخرو کیا،عالمی عدالت میں پاکستان کی فتح پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،یہ مناسب اورخوش آئند فیصلہ ہے ۔عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پراپنے ٹویٹ میں اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ ہماری اخلاقی فتح ہے ،بھارت کو آئی سی جے میں جا کر حاصل کیا ہوا؟عالمی عدالت نے ملٹری کورٹ کے فیصلے کو منسوخ نہیں کیا ،یہ بھی پاکستان کے انصاف اور قانون کے نظام پر اعتماد کا اظہار ہے ۔پاکستان ذمہ دار ملک ہے اور اس نے انتہائی ذمہ دارانہ رویہ اختیارکیا۔ کلبھوشن دہشتگردی میں ملوث تھا جس کا اعتراف بھی کیا۔بھارت نے عالمی عدالت میں مقدمہ پیش کیاکہ کلبھوشن بے گناہ ہے ، اسے رہا کیاجائے ۔عالمی عدالت نے بھارت کا موقف تسلیم نہیں کیا۔کمانڈر کلبھوشن کو پاکستان میں رکھا جائے گا۔کلبھوشن سے پاکستانی قوانین کے مطابق سلوک کیاجائے گا۔بھارت کلبھوشن کا کیس عالمی عدالت انصاف میں لے کرگیا۔کلبھوشن کے پاس رحم کی اپیل کی گنجائش تھی ۔کلبھوشن کو پاکستانی قوانین کے تحت پہلے ہی اپیل کا حق حاصل تھا۔پاکستان کے میڈیا کا شکر گزار ہوں انہوں نے پاکستان کے موقف کو بہترین انداز میں دنیا کے سامنے رکھا۔وزارت خارجہ نے فیصلے سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا۔اعلامیہ کے مطابق عالمی عدالت نے کلبھوشن کی بریت سے متعلق بھارتی درخواست مسترد کردی۔پاکستان عالمی برادری کاذمہ دار رکن ہونے کے ناطے قانون کے مطابق آگے بڑھے گا۔کلبھوشن حاضر سروس بھارتی نیوی کمانڈر ہے ۔یہ بغیر ویزا،اصلی انڈین پاسپورٹ ، جعلی شاخت حسین مبارک پٹیل کے ساتھ پاکستان آیا۔ یہ پاکستان میں تخریب کاری ، جاسوسی اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہے ۔کلبھوشن کی تخریبی اور دہشتگرد کارروائیوں کے باعث کئی خواتین بیوہ اور بچے یتیم ہوئے ۔اس نے پاکستانی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے اپنے جرائم کا اعتراف کیا۔ کلبھوشن کیس بھارتی ریاستی دہشتگردی کی واضح مثال ہے ۔عالمی عدالت انصاف کے باہر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا عالمی عدالت انصاف نے بھارت کی کلبھوشن کی بریت کی استدعا مسترد کر دی۔ پاکستان ذمہ دار ملک ہونے کی حیثیت سے قانون کے مطابق کارروائی کرے گا۔نیوی کمانڈر کلبھوشن جعلی دستاویزات اور بغیر ویزے کے پاکستان آیا۔کلبھوشن سے مبارک حسین پٹیل کے نام کابھارتی پاسپورٹ ملا۔کمانڈر کلبھوشن پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں، تباہ کاریوں اورجاسوسی کا مرتکب پایا گیا۔ان دہشتگرد کارروائیوں میں معصوم لوگوں کو قتل کیا گیا۔کلبھوشن نے پاکستانی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے جرائم کا اقرار کیا ہے جو بھارتی دہشتگردی کا ثبوت ہے ۔اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور نے کہا عالمی عدالت نے واضح کردیا کلبھوشن رہا نہیں ہوگا۔کلبھوشن کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد ہونا پاکستان کی واضح فتح ہے ۔