اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)تھانہ نیلور کے علاقے ڈھوک ماوا میں سابق صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی کے فارم ہاؤس کے سرونٹ کوارٹر میں رہائش پذیر جواں سالہ ملازم اور اس کی اہلیہ پراسرار طورپر مردہ پائے گئے ، خاتون کو3 گولیاں لگی ہیں جبکہ\ مرد کو ایک گولی لگی ہے ، پولیس یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ شوہر نے بیوی کو قتل کر کے خود کشی کی تاہم لاشیں ہسپتال منتقل کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق میر ہزار خان بجارانی کے فارم ہاؤس کے سرونٹ کوارٹر میں مرزا خان اور اسکی اہلیہ رہائش پذیر تھے ۔پولیس کے مطابق دونوں کی شادی کو 8سال کا عرصہ گزر چکا تھا اور کوئی اولاد نہیں تھی۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ اولاد نہ ہونے سے دلبرداشتہ ہو کر مرزا خان نے بیوی کو قتل کیا اور خود کشی کر لی تاہم پولیس کا کوئی بھی ذمہ دار افسر معلومات دینے کیلئے تیار نہیں ۔