کراچی (کلچرل رپورٹر) معروف اداکار وہدایتکار شمعون عباسی کلبوشن یادیو کے کردار میں جلوہ گر ہونگے ۔ فلم ’’ڈھائی چال‘‘ حساس موضوع پر بنائی جانے والی فلم ہے جس کے ہدایتکار تیمور شیرازی ہیں ۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں عائشہ عمر، سلیم معراج، عدنان ٹپو شاہ، رشید ناز و دیگر شامل ہیں ۔نمائندہ 92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ روایتی فلموں کے موضوع سے ہٹ کر فلموں میں کام کرنا چاہتا ہوں اس سے قبل میری فلم ’’درج‘‘ روایتی فلم سے ہٹ کر تھی جس کا بہت شاندار رسپانس ملا۔ میری کوشش ہوگی کہ ڈرامہ ٹائپ فارمولا فلموں سے ہٹ کر ہی فلموں میں کام کروں اس میں کردار بہت چیلنجنگ ہوتے ہیں جس کو کرنا اچھا لگتا ہے ۔ رواں ماہ چھ نومبر سے فلم کے سیٹ پر جارہا ہوں فلم کی شوٹنگ شروع ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب وعدوں اور دعوئوں کی بجائے عمل کام سے پاکستان فلم انڈسٹری کو بچانا ہوگا۔