دبئی( سپورٹس ڈیسک)نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کینگرو بلے باز سٹیو سمتھ سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے ، قومی بلے باز بابر اعظم کیریئر کی بہترین پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ۔ ویرات کوہلی نے بنگلہ دیش کے خلاف ڈے نائٹ ٹیسٹ میں 136رنز کی اننگز کھیل کر اپنے پوائنٹس کی تعداد928کرلی تھی جب کہ سٹیو سمتھ پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں محض36رنز سکور کرنے کے باعث 931پوائنٹس سے 923پوائنٹس پر آنے کے باعث رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے بھی محرو م ہوگئے ۔آسٹریلیو ی اوپنر ڈیوڈوارنر335ناٹ آٹ رنز کی شاندار باری کھیلنے کے بعد نئی رینکنگ میں17ویں سے 5ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جب کہ سال کا آغاز110ویں پوزیشن سے کرنے والے مارنس سبسشین اب8ویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 7وکٹیں لینے والے مچل سٹارک18ویں سے 14ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ،ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں97رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز بابر اعظم کیریئر کی بہترین13ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جب کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں68رنز بنانے والے قومی اوپنر شان مسعود10درجے ترقی کے ساتھ47ویں نمبر پر آگئے ہیں،لیفٹ آرم فاسٹ بالر شاہین آفریدی نے 13درجے ترقی کے ساتھ49ویں پوزیشن سنبھال لی ہے ،بائولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے محمد عباس کا 18واں نمبر ہے جب کہ لیگ سپنر یاسر شاہ ٹاپ20گیند بازوں کی فہرست سے خارج ہو گئے ہیں اور اب انکا22واں نمبر ہے ۔