اسلام آباد ( خبر نگار خصو صی،92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ،صباح نیوز) سیاسی جماعتوں کے گوشوارے اور پارٹی فنڈز کی چھان بین کے کیس میں الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے 24 فروری کو جواب طلب کر لیا،کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کی۔ درخواستگزار تحریک انصاف کی جانب سے وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ،۔ ممبر کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں تین سیاسی جماعتوں کے فنڈز کی چھان بین پہلے سے ہی چل رہی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کو نوٹس جاری کر دیا اور 24 فروری کو طلب کر لیا۔جمعیت علماء اسلام( ف)، ایم کیو ایم پاکستان، ق لیگ، بلوچستان عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل، عوامی نیشنل پارٹی، عوامی مسلم لیگ ، جماعت اسلامی کو بھی نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔دریں اثنا پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سکروٹنی کمیٹی درست طریقے سے کام نہیں کر رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ریکارڈ الیکشن کمیشن کے حوالے کیا جائے ۔ الیکشن کمیشن نے سکروٹنی کمیٹی پر الزامات مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کمیٹی دیانت داری کے ساتھ کام کررہی ہے ، اکبر ایس بابر کا الزام حقیقت کے بالکل برعکس ہے ، کمیٹی نے یہ واضح کیا کہ کمیٹی فریقین کے دباؤ میں نہیں آئیگی۔علاوا زیں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل اور ہندوستان سے فنڈز لینے کے الزامات پر مریم نواز قوم سے معافی مانگیں۔گزشتہ روز فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کے موقع پر الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا الیکشن کمیشن نے تاریخی کام کردیا ،تحریک انصاف کی درخوست پر انیس جماعتوں کو نوٹس جاری کردیئے گئے ، مولانا صاحب کو بھی اب چندے کی رسیدیں دینا ہوگی۔ اسلام آباد،لاہور(خبر نگار،این این آئی،صباح نیوز)پاکستان ڈیمو کرٹیک مومنٹ ( پی ڈی ایم )نے الیکشن کمیشن میں یادداشت جمع کراتے ہوئے تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس جلد نمٹانے کا مطالبہ کیا ہے ۔بدھ کو پی ڈی ایم کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی اور ایک یادداشت و احتجاجی خط ان کے حوالے کیا گیا۔آٹھ نکاتی یادداشت میں فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کی کارروائی اور سکروٹنی کمیٹی پر سوالات اٹھائے گئے ، کہا گیا ہے کہ اگر سکروٹنی کمیٹی الیکشن کمیشن کے احکامات پر عمل نہیں کررہی تو کمیٹی کو دوبارہ یہ ذمہ داری کیوں سونپی گئی؟،یادداشت میں تحریک انصاف کے مبینہ 23 اکاؤئنٹس کی تفصیلات فوری طور پر فراہم کرنے اور سکروٹنی کمیٹی کی سماعت اوپن کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات کی جائیں تو عمران خان کا فالودہ نکلے گا ، وزیر اعظم اپوزیشن جماعتوں کو غیرملکی فنڈنگ سے متعلق ثبوت دیں یا قوم سے معافی مانگیں ، غیرملکی فنڈنگ کیس پرعمران خان 6 سال سے این آر او پر ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں مریم اورنگزیب اورعطا اﷲ تارڑ نے لاہور میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کواسرائیل اور بھارت سے بھی فنڈنگ ہو تی رہی ہے جس کا اعتراف یہ لوگ کر چکے ہیں اب الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ کیس کا فوری فیصلہ دیتے ہوئے ان کو سزا سنا دے ، انہوں نے کہا کہ زمان پارک اور بنی گالہ فارن فنڈنگ کے پیسوں سے بنا ہے ،6 سالوں سے فارن فنڈنگ کیس میں جواب نہیں دیا جا رہا تاکہ ثبوتوں کو مٹایا جا سکے ،انہوں نے اسرائیلی اور بھارتی فنڈنگ حاصل کی ۔