لاہور(عثمان علی)بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کیلئے سافٹ لون کے اجرا کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ درخواستوں کی تصدیق کے لیے ڈسٹر کٹ ویری فیکیشن کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں جس کے کنوینر متعلقہ اے ڈی سی آر ہوں گے جبکہ ممبران ڈپٹی ڈائریکٹر/اسسٹنٹ ڈائریکٹر انوائرمنٹ،نمائندہ پنجاب بنک،ڈسٹرکٹ لینڈ ریکارڈ اور دیگر شامل ہیں ۔اس حوالے سے تحصیل فیسلیٹیشن سنٹر(ٹی ایف سی) قائم کیے گئے ہیں اور ان کو تین ریجن میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں نارتھ،ساؤتھ اور سنٹرل ریجن شامل ہیں اور ٹی ایف سی پر تعینات سٹاف کی باقاعدہ ٹریننگ بھی کرائی گئی تھی جبکہ سافٹ لون کے لیے باقاعدہ آگاہی مہم بھی چلائی گئی تھی ۔کامیاب جوان انٹر پرنیورشپ اور پنجاب روزگار سکیم کے تحت بھٹہ مالکان کو آسان شرائط پر قرضہ جات دئیے جائیں گے ۔ قرضوں کا مقصد بھٹہ مالکان کو جدید زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے ۔ جس کے لیے 10لاکھ روپے کا قرضہ دیا جائے گا کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرنے کے لیے عمر کی حد21 سے 45سال جبکہ پنجاب اپنا روزگار سکیم کے تحت عمر کی حد 20 سے 50سال رکھی گئی ہے ۔