گال (سپورٹس ڈیسک )آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری پہلا ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا، سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں کیویز اننگز کے سکور 249 رنز کے جواب میں 267 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، کیویز ٹیم نے دوسری اننگز میں میچ کے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک 7 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بناکر آئی لینڈرز کے خلاف 177 رنز کی برتری حاصل کرلی۔آئی لینڈرز کی طرف سے نیروشن ڈکویلا 61، کوسل مینڈس 53 اور میتھیوز 50 رنز بنا کر نمایاں رہے ، اعجاز پٹیل نے 5 وکٹیں لیں۔ کیویز کی طرف سے دوسری اننگز میں وکٹ کیپر بلے باز واٹلنگ ناقابل شکست 63 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے ۔ لیستھ نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔میچ کے تیسرے روز کے 6 اوورز ابھی باقی تھے کے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا اور میچ روک دیا گیا۔ یاد رہے کہ انگلینڈ کے مائیکل گاف اور رچرڈ الینگورتھ میچ میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔