کراچی(سٹاف رپورٹر)پانی اور بجلی نہ ملنے پر شہری بپھر کر سڑکوں پر نکل آئے ، مختلف علاقوں میں شدید احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھرائو کیا، کے الیکٹرک، واٹر بورڈ اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے پر پہنچ گیا، شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر این ٹی ڈی سی سے کے الیکٹرک کو اضافی 150میگاواٹ بجلی کی فراہمی شروع کردی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق کئی علاقوں کے متاثرین سڑکوں پر آگئے ، شدید احتجاج کیا اور کے الیکٹرک، واٹربورڈ اور حکومت کی ناکامی کے خلاف شدید نعرے بازی کی، متاثرین نے گاڑیوں پر پتھرائو بھی کیا، گھنٹوں بجلی کی بندش سے پانی ناپید ہوکر رہ گیا۔ ذرائع کے مطابق واٹر بورڈ کے افسران اور پانی مافیا کی ملی بھگت سے مصنوعی آبی بحران پیدا کیاگیا ہے ۔