لاہور( شوبز ڈیسک) ملکہ ترنم نور جہاں کی93 ویں سالگرہ گزشتہ روز منائی گئی، گلوکارہ نے مشہور گانا ’’ گائے گی دنیا گیت میرے ‘‘ گا کر سچ ثابت کر دیا کہ واقع آج بھی لوگ ان کو یاد کرتے ہیں۔۔ میلوڈی کوئین کے نام سے پہچانی جانے والی میڈم نور جہاں 21 ستمبر 1926 کو قصور کے موسیقار گھرانے میں پیدا ہوئیں، اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 9 سال کی عُمر سے کیا اور جلد ہی ایک جانی پہچانی چائلڈ سٹار بن گئیں۔ملکہ ترنم نور جہاں نے اپنے فنی کیرئیر کے دوران ہزاروں گیت گائے اور 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران قومی نغمے بھی گائے جس سے انکی مقبولیت میں اضافہ ہوا ۔انہوں نے 26 بھارتی اور پاکستانی فلموں میں مرکزی کردار ادا کیے اور مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد فلموں کے لیے غزلیں اور گیت گائے جس میں ان کا سب سے پہلا گانا مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ بے پناہ ہٹ ہوا جس نے ملکہ ترنم کو کامیابیوں کے نئے سفر پر گامزن کر دیا۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اُن کی خدمات کو سراہتے ہوئے اُنہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ ملکہ ترنم نور جہاں 23 دسمبر 2000ء کو علالت کے بعد انتقال کر گئیں لیکن اُن کے گیتوں کی آواز آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے ۔