لاہور،پاکپتن (نیوز رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) اینٹی کرپشن نے ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے مُشیر اورنگ زیب بٹ کے بیٹے ذیشان بٹ کے خلاف غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے ، قبضہ اور کنورژن فیس کی مد میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے پر مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گجرات سیف انور جپہ نے گجرات سٹی ہاؤسنگ سکیم کے مالک ذیشان زیب بٹ کے خلاف پرچہ کا ریفرنس اینٹی کرپشن پنجاب کو بھجوایا تھا ۔ ریفرنس میں ذیشان بٹ سمیت مقبول احمد پٹواری ، سجاد اسلم پٹواری ، آصف شفیع اور رضوان چوہدری کے خلاف غیر قانونی طور پر ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے پر پرچہ درج کرنے کی استدعا کی گء تھی۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔دریں اثنا پاکپتن میں اینٹی کرپشن حکام کا قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن نواحی گاؤں 161ای بی میں ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن رانا فواد احمد نے محکمہ پولیس کے ہمراہ 15کنال سرکاری رقبہ قبضہ مافیا سے واہ گزار کرا لیا واہ گزار کرائی گئی اراضی کی مالیت ایک کروڑ روپے بتائی جاتی ہے ۔