لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے گیند پر تھوک کا استعمال روکنے کیلئے بولرز کو ماسک پہنانے کا مشورہ دیدیا۔ایک انٹرویو میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وچیف سلیکٹر نے کہا کہ گیند کو چمکانا بولرز کی عادت بن جاتا ہے ، اسی کی وجہ سے میچ کے دوران غلطی سے بھی گیند پر تھوک لگا سکتے ہیں، اس کا حل یہ ہے کہ ان کو میچ کے دوران مستقل طور پر ماسک کا پابند کردیا جائے یا اسی طرح کی کوئی اور چیز استعمال کی جائے ۔یاد رہے کہ کرکٹ کی واپسی کیلیے آئی سی سی کی جانب سے جاری کی جانے والی گائیڈ لائنز میں گیند چمکانے کیلیے تھوک کے استعمال کی ممانعت کیساتھ، کھلاڑہوں کی کیپ، عینک اور سویٹر وغیرہ امپائرز کے سپرد کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے ۔دوسری طرف قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد دورہ انگلینڈ میں قومی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے ۔ایک انٹرویو میں ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے متبادل طلب کرنے کا موقع نہیں ہوگا اس لیے تمام منتخب کرکٹرز کو ٹور کے اختتام تک ساتھ رہنا ہوگا، اسی لیے 25 سے 27 تک کھلاڑی ساتھ لیکر جائیں گے اس لیے دو وکٹ کیپرز کی بھی ضرورت ہوگی تاکہ ضرورت پڑنے پر کسی کو بھی میدان میں اتارسکیں۔مصباح الحق نے کہا کہ ظاہر ہے کہ سرفراز احمد بھی منتخب ہوں گے ، وکٹ کیپر بیٹسمین فارم خراب ہونے کی وجہ سے دباؤ کا شکار تھے ، ان کو وقفہ دیا کہ بھرپور تیاری کیلیے بہترین انداز میں کم بیک کرسکیں، بلا شبہ انہوں نے اپنی فارم اور فٹنس پر بہت محنت کی ہے اور ہمارے پلان میں شامل ہیں۔