لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈنے قومی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن کو ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ اورسابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق کی بطور ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ تقرری کا ا علان کر دیا۔،یہ تقرریاں، ہائی پرفارمنس سنٹر کی ری سٹرکچرنگ کا حصہ ہیں، عنصر ملک کو ہائی پرفارمنس آپریشنز مینجر مقرر کر دیا گیا۔ پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ تمام تقرریاں میرٹ کی بنیاد پر انٹرویو کے بعد کی گئی ہیں اور انہیں امید ہے کہ یہ پاکستان کے کھوئے ہوئے معیار کی واپسی میں معاون ثابت ہوں گے ، قومی ٹیم کے لئے بریڈ برن کے متبادل کا جلد فیصلہ کرلیا جائے گا۔ پی سی بی اعلامیہ کے مطابق ان تقرریون کا مقصد نوجوانوں، خواہشمند سپورٹ سٹاف اور کھلاڑیوں کو ایک واضح راستہ فراہم کرنا ہے ۔گرانٹ بریڈ برن ستمبر 2018 سے قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ وہ سکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔1990سے 2001 تک 7 ٹیسٹ اور 11 ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے گرانٹ بریڈ برن اس سے قبل نیوز ی لینڈ مینز اے اور انڈر 19 ٹیموں کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔گرانٹ بریڈ برن، ایک لیول تھری کوچ ہیں۔ پی سی بی کے مطابق وہ اس نئے عہدے پر ملک بھر کے ہائی پرفارمنس سنٹرز میں اسپورٹ عملے کے مجموعی معیار کو بڑھانے کے ذمہ دار ہوں گے ۔ثقلین مشتاق کا انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر 1995 سے 2004 پر محیط رہا۔ان کی ذمہ داریوں میں کھلاڑیوں کی شناخت، ان کی ڈویلمپنٹ اور تیاری اس انداز میں شامل ہوگی کہ وہ ورلڈکلاس کرکٹرز بن سکیں۔ثقلین مشتاق کو ''دوسرا'' کا موجد کہا جاتا ہے ۔18برس کی عمر میں انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کے ایک کلینڈر ائیر میں 65 وکٹیں حاصل کرکے ریکارڈ قائم کیا۔