لاہور(نامہ نگار)نیشنل بینک آف پاکستان ایمپلائز یونین نے سمن آباد کالونی کو گرانے اور دیرینہ ملازمین کو گھر جلد خالی کرانے کے نوٹسز جاری کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت اکبر علی خان جنرل سیکرٹری نے کی جس میں سینکڑوں ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے صدر نیشنل بینک آف پاکستان کو یاد دلایا کہ بینک کالونی میں یونین ہذا کے ساتھ انتظامیہ کے دیرینہ معاہدہ کے مطابق رہائشی سہولتیں مہیا کی گئی تھیں اس مہنگائی کے دور میں چھوٹے ملازمین کو بے دخل کرنا نہ صرف اس معاہدہ کیخلاف ہے بلکہ محنت کشوں کو رہائش کی بنیادی ضرورت رہائش سے محروم کرنے کی تیاری ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ حکومت نے بے گھر پچاس لاکھ شہریوں کو رہائش کی سہولت کی یقین دہانی کر رکھی ہے جبکہ انتظامیہ محنت کشوں کو دیئے ہوئے حق سے محروم کررہی ہے ۔مظاہرین نے وزیراعظم پاکستان سے پْرزور مطالبہ کیا کہ وہ بینک انتظامیہ کو اس مزدور دشمن اور غیر قانونی حربے سے باز فرمائیں ورنہ بینک ملازمین ملک بھر میں احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔