اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ ٹائیگر فورس کے بہادر نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں جبکہ وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز کوملک بھر میں ٹائیگر فورس کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کردی۔گزشتہ روز ٹائیگر فورس سے متعلق اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں قوم کیلئے وقت نکالنے والے نوجوان ہیروز ہیں۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ، صوبائی چیف سیکرٹریز اور کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔اس موقع پروزیراعظم کو صوبائی سطح پر ٹائیگر فورس کی ہفتہ وار رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعظم نے وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز کو گائیڈ لائین دیتے ہوئے مزید کہاکہ ضلع ،تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک ٹائیگر فورس متحرک کریں۔ ٹائیگر فورس سے احساس لیبر رجسٹریشن پراگرام میں بھی مدد لیں جبکہ انتظامی سطح پر بہترین کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے ۔علاوہ ازیں جی ایس پی پلس سے متعلق امور پر غور کیلئے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ بچوں پر تشدد اور چائلڈ لیبر سے متعلق حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے ۔ اجلاس کے شرکا کو پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان معاہدے اور جی ایس پی پلس کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا،بتایا گیا کہ یورپی یونین نے انسانی حقوق پرایکشن پلان،چائلڈسروے ،خواتین کے حقوق پرپاکستان کی تعریف کی جبکہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل میں کرپشن سے متعلق رینکنگ بہترہونے کوبھی سراہا۔وزیراعظم نے آئندہ دوسال کے جی ایس پی پلس ریویوکی تیاریوں ، معاہدہ پر عملدرآمد کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور جی ایس پی پلس جاری رکھنے کے یورپی یونین کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین کے فیصلے سے ملکی برآمدات اور تجارت میں اضافہ ہوگا۔ جی ایس پی پلس سے منسلک یو این کے 27 کنونشنز ہماری آئینی ذمہ داری ہیں، حکومت ان پر مکمل عملدرآمد کریگی۔ وزیر اعظم نے مشیر موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی حکومتوں سے مشاورت سے کچرے کے انتظام سے متعلق قومی پالیسی کی تشکیل میں تیزی لائیں۔