لاہور(قاضی ندیم اقبال )چیف سیکرٹری پنجاب نے 4صوبائی اداروں اور ضلعی حکام کیلئے رمضان المبارک کے حوالے سے ا ہداف مقرر کر دیئے ہیں۔جبکہ رمضان بازاروں، فیئر پرائس شاپس کی حالت زار اور صوبائی و ضلعی اداروں کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹس کی فراہمی سپیشل برانچ کی ذمہ داری قرار دیدی گئی۔محکمہ داخلہ پنجاب بیک وقت معاون اور نگران کا کردار ادا کریگا۔ذرائع کے مطابق ایک اعلیٰ سطح اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب نے قرار دیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کااہم مشن ہے ، اس مقصد کیلئے ہر قسم کے ضروری ا قدامات کو عمل میں لایا جائے ۔ ایسے تمام ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کا موقع پر سخت احتساب کرنا ہو گا جو اس مبارک مہینے کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کرینگے ۔ تمام بلدیاتی ادارے اور افسرارمضان بازاروں کے انعقاد میں اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں، اگر اس دوران کسی قسم کی کوتاہی سامنے آئی تو سخت باز پرس ہو گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبائی اداروں بلدیات ،زراعت، خوراک، لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، کے ذمہ داروں کیساتھ ساتھ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو واضح کیا ہے کہ سستے رمضان بازاروں میں دالیں، گھی، چینی، پھل اور سبزیاں سستے داموں دستیاب ہونگی۔ سستے رمضان بازاروں میں زرعی فیئرپرائس شاپس بھی قائم کی جائینگی اور ان پر دالیں اور سبزیاں مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پر دستیاب ہونگی۔ لہٰذا کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز خود نگرانی کا کام سنبھالیں، سٹیک ہولڈرز کیساتھ روابط بڑھائیں اور ایسا نظام وضع کریں کہ تمام بلدیاتی افسر رمضان المبارک کے دوران عوام کو اشیائے خور و نوش کی سستے داموں فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کریں۔ رمضان بازاروں میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں ۔ اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے اور کسی چیز کی قلت کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہئے ۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ، پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں نمایاں طور پر آویزاں ہونی چاہئیں اور عوام کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پرائس بورڈ لگائے جائیں ۔ گرمی کے پیش نظر رمضان بازاروں میں خرایداروں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں اور پارکنگ کا بھی مناسب انتظام کیا جائے ۔ رمضان المبارک کی آمد سے قبل اور دوران رمضان اشیائے خور ونوش کی قیمتوں میں استحکام اور کمی کا رجحان دکھائی دینا چاہئے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب سکیورٹی انتظامات سمیت دیگر حوالوں سے معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے بیک وقت معاون اور نگران کا کردار ادا کریگا۔