لاہور(حافظ فیض احمد)گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث گروہ کے مرکزی ملزم ڈاکٹر فواد ممتاز کی گرفتاری کے لیے موبائل ڈیٹا حاصل کرلیا گیا، ہوٹا نے سپیشل برانچ اور حساس اداروں کی خدمات بھی حاصل کر لی ، ایف آئی اے نے ملزم کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے اس کی جائیداد کے کوائف جمع کرنا شروع کردئیے ، تاکہ گرفتاری نہ ہونے پر بھی اسے اشتہاری قرار دیکر جائیداد ضبط کی جا سکے ، ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے پی ہوٹا کی درخواست پر اداکار عمر شریف کی بیٹی کے گردہ کی غیر قانونی پیوند کاری کے الزام میں ڈاکٹر فواد ممتاز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، درخواست عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے پی ہوٹا کو دی تھی ، اس سے قبل بھی ڈاکٹر فواد کے خلاف غیر قانونی گردہ پیوند کاری کے الزام میں مقدمات درج ہیں ، ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب زون ون نے ملزم کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی، ٹیم نے لاہور ،چنیوٹ ،راولپنڈی ،بہاولپور سمیت بعض علاقوں میں چھاپے مارے ، گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ، اب ملزم کی جائید اد کے کوائف حاصل کرنا شروع کر دئیے گئے ، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کے لیے بھی متعلقہ اداروں کو لیٹر لکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا، شناختی کارڈ کے ذریعے ملزم کے نام رجسٹرڈ گاڑیوں اور دیگر جائیداد کا ریکارڈ حاصل کیا جائے گا۔ایف آئی اے ٹیم نے پی ہوٹا کی نشاندہی پر انسانی گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث مزید گروہ کے کوائف بھی حاصل کر لیے ہیں جن کا تعلق ملتان،ڈیر ہ غازی خان ،راولپنڈی اور دیگر علاقوں سے ہے ، ملتان میں ایک سرگرم گروہ کے بعض ارکان کو گرفتار کیا گیا تھا جن کی نشاندہی پر مزید دو ملزمان کو لاہور سے گرفتار کیا تھا، ڈائریکٹر ویجی لینس سیل پی ہوٹا عدنان احمد کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے بھی ملزم کی گرفتاری کے لیے چنیوٹ،ملتان اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارے ہیں۔