اسلام آباد (ملک سعید اعوان ،92 نیوز رپورٹ) گریڈ 22 میں ترقیوں کیلئے ہائی پاور بورڈ اجلاس آج طلب کرلیا گیا، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ابتدائی طور پر 3 بجے وزیر اعظم آفس میں ہوگا،سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، سیکرٹری کابینہ، سیکرٹری وزیر اعظم اور دیگر متعلقہ افسران بھی شرکت کریں گے ۔اجلاس میں 23 افسران کو گریڈ 22میں ترقی دیئے جانے کا امکان ہے ، ذرائع کے مطابق پی اے ایس کی 10، پی ایس پی 2، سیکرٹریٹ گروپ 1،فارن سروس 4، آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس 3، آئی آر ایس 1، ایم ایل سی 1اور پوسٹل گروپ کی ایک اسامیاں شمار کی گئی ہیں اور ان کیڈر کے گریڈ 22 میں ترقی کے لئے اہل افسران کی فہرستیں وزیر اعظم آفس کو بھجوا دی گئیں تھیں اور جمعرات کو ان فہرستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ کے ممبران نے پریکٹس بورڈ بھی کیا ہے ۔ترقیوں کی منظوری کے بعد بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلوں کا امکان ہے ۔