اسلا م آباد (سپیشل رپورٹر،92نیوز رپورٹ ، نیوزایجنسیاں )وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہوچکی ،اب ٹیک آف کرے گی،کٹھن راستہ طے کر کے ملک کو دیوالیہ ہونے سے ۔وزیراعظم کی زیرصدارت بنی گالہ میں پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں جہانگیر ترین، حفیظ شیخ، عمر ایوب، مراد سعید، شبرزیدی، سینیٹر فیصل جاوید، فردوس عاشق اعوان اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں سیاسی صورتحال پر غور اور قومی اسمبلی میں آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کو تحقیقاتی کمیشن سے متعلق بریفنگ دی گئی۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے بجٹ اور حکومتی اہداف سے متعلق آگاہ کیا۔چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس اصلاحات اور اہداف سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔جہانگیر ترین نے اجلاس میں زراعت پالیسی سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے موجودہ صورتحال میں پارٹی بیانیے کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔اجلاس میں احساس اور غربت خاتمہ پروگرام پر بھی بات کی گئی۔وزیر اعظم نے کہا تحقیقاتی کمیشن جلد قائم کیا جائے گا جس کا مقصد 24 ہزار ارب کے قرضوں کا حساب ہے ۔ یہ کمیشن اقامہ رکھنے والوں کا حساب بھی کرے گا۔پاکستان کی معیشت مستحکم ہوچکی ہے ۔اب وقت ہے معیشت ٹیک آف کرے گی۔کٹھن راستہ تھا جو طے کیا ہے ۔ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا ۔پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سود دے رہے ہیں۔30فیصد کرنٹ اکائونٹ خسارے میں کمی آئی ہے ۔ملک کے 4ہزار ارب ریونیو میں سے 2ہزارارب قرض میں جاتا ہے ۔احساس پروگرام کا بجٹ 100ارب سے 191ارب تک لے گئے ہیں۔عوام کوغربت کی لکیر سے اوپر لانا پی ٹی آئی کی اولین ترجیح ہے ۔اجلاس میں اپوزیشن کی گرفتاریوں پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا گرفتار ہونے والے این ا ٓراو کی تلاش میں ہیں۔ تمام ترجمان اور پارٹی رہنما پارلیمنٹ کے اندر و باہر اور میڈیا پر جارحانہ حکمت عملی اختیار کریں اور اپوزیشن کے ہر حملے کا ہر طریقے سے جواب دیں۔ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں بجٹ کے بعدکی صورتحال اور اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں پر اپوزیشن کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں پاک بھارت میچ سے متعلق بھی بات کی گئی۔ عمران خان نے کہا پاکستانی ٹیم کو دلیری دکھانا ہوگی۔کھلاڑیوں کو چاہئے ہار کے ڈر کو بھول کر دلیری سے اپنا کھیل کھیلیں۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے صحت کا اجلاس ہوا جس میں صحت سے متعلق امور زیر غور آئے ۔ وزیراعظم نے وفاقی وزیر فواد چودھری کی جانب سے اینکر پرسن سمیع ابراہیم کو تھپڑ مارے جانے پر نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کسی بھی قسم کے تشدداور عدم برداشت کے رویے کی مذمت کرتی ہے اور کسی وفاقی وزیر سے ایسے رویے کی توقع ہی نہیں کی جاسکتی ۔ میڈیا امور سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے اس واقعہ پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا فواد چودھری کو برداشت کرنا چاہیے تھا ۔ کسی بھی میڈیا پرسن کیخلاف ایسی حرکت کسی صورت برداشت نہیں کی جاسکتی ۔ انہوں نے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو ہدایت کی کہ وہ اس سارے معاملے سے متعلق رپورٹ مرتب کریں ۔