لندن (غلام حسین اعوان) باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے برطانوی میں سیاسی پناہ کی درخواست دائر کر دی ، ہوم آفس لندن میں 4 گھنٹے طویل انٹرویو لیا گیا جبکہ اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار کا کہنا ہے کہ میڈیا پر چلنے والی گرفتاری کی خبروں پر ہوم آفس کے اعلیٰ افسر سے ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی خصوصی ٹیم بھی لندن پہنچ چکی ہے ۔اسحاق ڈار اپنے وکلا کے ساتھ برطانوی ہوم آفس گئے اور انہیں اپنے اوپر مقدمات کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ ہوم آفس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار حکومت پاکستان کی جانب سے پاسپورٹ کینسل ہونے کی وجہ سے کسی دوسرے ملک سفر نہیں کر سکتے ۔ حکومت پاکستان اور برطانیہ کی حکومت کے درمیان ایم او یو دستخط ہونے کے بعد امکان تھا کہ اسحاق ڈار کو لندن سے گرفتار کرکے پاکستان لے جایا جائے گا اسی خطرے کو بھانپتے ہوئے اسحاق ڈار نے سیاسی پناہ کی درخواست کی۔آن لائن کے مطابق اسحاق ڈار کی گرفتاری کیلئے نیب کی پانچ رکنی اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم لندن جائے گی۔ نیب ٹیم کی سربراہی ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کریں گے ۔