لاہور ،ملتان ،پشاور( جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر،خبر نگار ) لاہور سمیت پنجاب کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ان ڈور،آؤٹ ڈور ،لیبارٹریز اور آپریشن تھیٹرز سمیت باقی سروسز کا ہڑتال 26ویں روز بھی جاری رہی۔ہسپتالوں میں ہڑتال کی وجہ سے مریضوں اور انکے لواحقین کو شدید مشکلات و پریشانی کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے ۔ ہسپتالوں کے او پی ڈیز کے بعد وارڈز میں بھی سناٹے چھائے رہے ۔ہسپتالوں میں چیک اپ اور ادویات کے حصول کیلئے آنیوالے شہری گھنٹوں انتظار کے بعدخالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور ہوگئے ۔ ڈاکٹروں اور حکومت کی رسہ کشی میں غریب مریض رل کر رہ گئے ہیں اور مریضوں نے بھی ہسپتالوں کے باہر علاج معالجہ نہ ملنے کے خلاف احتجاج شروع کر دیا،میو ہسپتال میں مریضوں نے ایمرجنسی میں بھی مناسب علاج معالجہ نہ ملنے پر ہسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا ۔علاوہ ازیں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تحت آج ہسپتالوں کے باہر دھرنا دیا جائیگا۔ادھر خیبر پختونخوا کے احتجاجی ڈاکٹروں نے روزانہ کی بنیاد پر ایک گھنٹہ احتجاج شروع کرنے سمیت آئندہ ہفتے سے وارڈز سروس بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے ،گرینڈ ہیلتھ لائنس نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو بے اختیار قرار د یا ہے اور عوامی مشکلات کے پیش نظر دیہی علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔