اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) ہنگری کے وزیر برائے امور خارجہ و تجارت پیٹر سیجارٹو اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پرآج 30 اپریل کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے ۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ سیجارٹو کیساتھ ایک اعلیٰ سطح کاروباری وفد بھی ہو گا جس میں 20 سے زائد سرکردہ کاروباری افراد شامل ہونگے ۔ہنگری کے وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ون آن ون ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بات چیت بھی کرینگے ۔ بات چیت میں موجودہ دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائیگا اور تعلقات میں مزید پیشرفت بالخصوص دوطرفہ تجارت، معیشت، زرعی تحقیق اور فوڈ انڈسٹری، ماحولیات کی صنعت سمیت فضلہ اور آبی وسائل کے انتظام، سائنس اور انجینئرنگ ٹیکنالوجی اور اعلی تعلیم میں تعاون بڑھانے سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے ۔دونوں وزرائے خارجہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کرینگے ۔دونوں وزرائے خارجہ مشترکہ طور پر پاکستان ہنگری اقتصادی ڈپلومیسی کی تقریب سے خطاب کریں گے جس میں ہنگری کے کاروباری وفد کے علاوہ پاکستانی کمپنیوں کے نمائندے بھی شرکت کرینگے ۔