لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے شعیب ملک کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو پہلے ٹی20 میچ میں 5وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔پاکستان کی یہ چھ ناکامیوں کے بعد پہلی فتح ہے ۔ اس سے قبل گرین شرٹس ٹی ٹونٹی میچوں میں انگلینڈ سے 7 وکٹوں سے ہارنے کے بعد سری لنکا کے خلاف تین میچوں میں کلین سویپ اور آسٹریلیا سے دو میچز ہار چکی تھی ۔ گزشتہ روز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان محموداللہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو باؤلنگ کی دعوت دی۔پاکستان کی ٹیم دورہ آسٹریلیا کے مقابلے میں بالکل نئی شکل میں نظر آئی اور تجربہ کار شعیب ملک اور محمد حفیظ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ پاکستان نے میچ میں احسن علی اور حارث رؤف کو ڈیبیو کرایا تھا۔بنگلہ دیشی اوپنرز نے اننگز کا اعتماد سے آغاز کیا اور تمام پاکستانی باؤلرز کو سنبھل کر کھیلتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 71رنز جوڑے ۔تا ہم اننگز کے آخری اوور میں بنگلہ دیش نے 13رنز بنا کر مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے اور پاکستان کو سیریز کے پہلے میچ میں فتح کے لیے 142رنز کا ہدف دیا ہے ۔بنگلہ دیش کی طرف سے محمد نعیم 43 اور تمیم 39 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور پہلا میچ کھیلنے والے حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 45 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 58رنز کی اننگز کھیلی اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔احسان علی 36 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ آج بھی لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔