لاہور،فیصل آباد،سیالکوٹ(جنرل رپورٹر ،خصوصی رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) گستاخانہ خاکوں پر فرانس کیخلاف ملک گیرریلیاں،مظاہرے کئے گئے جس میں وکلا ، صحافیوں، علما سمیت سماجی وسیاسی شخصیات نے شرکت کی ۔ فرانس کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے ،مقررین نے کہا ہے کہ فرانس سے سفارتی تعلقات ختم سفیر ملک بدراورمصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے ،فیصل آباد میں سینکڑوں ریلوے ملازمین نے ریلوے سٹیشن پر پریم یونین کے مرکزی سنیئر نائب صدرشیخ محمدانور،جماعت اسلامی کے امیر پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،خالد محمود چوہدری، حشام الاحسان،میاں طاہرایوب،مولانافیض الرحمان کی قیادت میں ریلوے سٹیشن پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ڈیرہ غازی خان سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق میکغوں کیخلاف ریلی میں فرانسیسی پرچم نذرآتش کیا گیا ۔سیالکوٹ میں ہیومین ویلفیئر آر گنائزیشن پا کستان کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔ محمد نگر سے نامہ نگار کے مطابق صحافیوں نے فرانسیسی صدر کے خلاف بلدیہ چوک عارفوالا سے احتجاجی ریلی نکالی،مختلف مقامات پر مقررین نے خطاب میں کہا خاتم النبیین حضورؐ کی شان اقدس میں کسی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کریں گے ۔فرانسیسی صدر کے گستاخانہ بیان کیخلاف لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی کی جانب سے حرمت رسولﷺ واک کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت وائس چانسلر ڈاکٹر بشری ٰمرزا نے کی۔نیٹ نیوز کے مطابق فرانسیسی پولیس نے البرٹوائیل میں گستاخانوں کی مخالفت پر 10سال تک کے چار مسلمان بچوں کو حراست میں لیا،والدین کو بھی پولیس سٹیشن بلا کر ان سے بھی تفتیش کی گئی ۔