لاہور، اسلام آباد ، سکھر ، راولپنڈی ، گروزنی، تہران، (نمائندہ خصوصی سے ، جنرل رپورٹر، نامہ نگار، سٹاف رپورٹر ، نیوز رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر اور فرانسیسی صدر میکغوں کے مسلم مخالف بیانات پر ملک بھر اورپوری مسلم دنیا میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور احتجاج جاری ہے ، منگل کو ایران نے بھی تہران میں تعینات فرانسیسی سفیر کو طلب کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، سعودی عرب نے بھی گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کی اور کہا وہ امن کے پیامبر حضرت محمد بن عبداﷲ صل اﷲ علیہ وسلم یا کسی بھی دوسرے رسول کے متعلق گستاخانہ خاکوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے ، ترک صدر رجب طیب اردوان نے یورپی یونین کے لیڈروں پر زوردیا کہ وہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکغوں کے اسلام مخالف ایجنڈا کو روکیں ، خلیجی ممالک میں بائیکاٹ کی مہم اور عراق، تیونس اور فلسطین میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، عراق اور تیونس میں فرانسیسی سفارت خانے پر مظاہرے کئے گئے ، بنگلہ دیش میں ڈھاکہ میں 40 ہزار افراد نے ریلی نکالی، فرانسیسی صدر کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا۔پاکستان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے ساتھ پاکستان میں میں بھی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ، اگر ہولوکاسٹ کے حوالے سے مواد کی تشہیر کو روکا جا سکتا ہے تو اسلام کے خلاف توہین آمیز مواد پر بھی پابندی عائد کی جا سکتی ہے ، ہماری کوشش ہو گی او آئی سی کے پلیٹ فارم پر اسلاموفوبیا کے معاملے کو اٹھایا جائے ،ہماری کوشش ہو گی کہ نائجر میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں اس معاملے پر ایک متفقہ قرارداد لائی جائے ، دریں اثنا جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے جمعہ 30 اکتوبر سے جمعہ 6نومبر تک فرانس کی جانب سے گستاحانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف بھرپور احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا ہفتہ روزانہ کی بنیاد پر مظاہرے ،جلسے جلوس اور سیمینار ہونگے ،انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے دوران بامیان کے اندر بدھا کے بت کو توڑنے کی کوشش کی گئی تھی، اس کے اگلے روز میری فرانس کے سفیر سے ملاقات طے تھی تو انہوں نے میری ملاقات منسوخ کردی تھی، خطیب بادشاہی مسجد و مجلس علمائپاکستان کے مرکزی چیئر مین مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ فرانس کے صدر کا توہین آمیز بیان واپس لینے اور معافی مانگنے تک اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں فرانس کی رکنیت فوری معطل کی جائے ، یہ مطالبہ انہوں نے لاہور پریس کلب میںمذمتی پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔اس موقع پرصوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب پیر سید سعید الحسن اور صوبائی وزیر انسانی حقوق پنجاب چوہدری اعجاز عالم اگسٹین، صدر پریس کلب ارشد انصاری ،بشپ آف لاہور آرچ بشپ سبسٹین شا، بشپ عرفان جمیل ، صدر پاکستان ہندو کونسل لاہورڈاکٹر منوہر چند ، علامہ زبیر احمد ظہیر ، مفتی مبشر احمد نظامی ، علامہ رشید ترابی ، سردار بشن سنگھ ور دیگر راہنما بھی موجود تھے ، مزید برآں گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن نے گستاخانہ خاکوں کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ فرانسیسی مصنوعات کی تر سیل کیلئے ٹرانسپورٹ مہیا نہیں کرینگے ۔ دریں اثنا فرانس سے سفارتی واقتصادی تعلقات ختم کرنے کیلئے ایک اور درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کردی گئی۔ لاہور میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ نے ریلی نکالی اور احتجاج کیا، مظاہرین ریلی کی صورت میں سائنس کالج سے بیکھے والے موڑ آئے اور کہا فرانسیسی سفیر کو فی الفور ملک بدر کیا جائے ۔ عوامی رکشہ یونین و عوامی پاسبان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا اگر حکومت نے فرانس کے سفیر کو ملک بدر نا کیا تویکم نومبر کو گورنر ہاؤس کا گھراؤ کریں گے ۔ تاجروں نے بھی فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کردے ، مرکزی انجمن تاجران کے صدر شرجیل میر نے اعلان کیا کہ راولپنڈی میں 29اکتوبرکو فوارہ چوک میں احتجاجی ریلی نکالیں گے ۔ محکمہ ہاؤسنگ کے دفتر میں ایپکا کی جانب سے فرانس میں گستاخانہ خاکے شائع ہونے کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی و اراکین رابطہ کمیٹی نے کہا کسی بھی مذہب یا مذہبی شخصیت کی توہین عالمی قوا نین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ چیچنیا کے سربراہ 44 سالہ رمضان قادیروف نے ٹیلی گرام پر اپنے بیان میں کہا میکغوں ایک دہشت گرد کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔ اشتعال انگیزیوں کو بڑھا کر میکغوں نے مسلمانوں کو جرائم پر اکسایا ہے ۔ میکغوں کے جرم نے 2 ارب مسلمانوں کا دل دکھایا جس کے المناک نتائج سامنے آسکتے ہیں ۔ دیر ہوجانے سے قبل میکغوں اشتعال انگیزی اور دین پر حملے روکیں ورنہ تاریخ میں ان کا نام احمقانہ فیصلے کرنے والے صدر کے طور پر درج ہوجائے گا۔ سرگودھا میں شہری اور مذہبی تنظیمیں کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور اس ناپاک حرکت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ، فرانسیسی صدر اور پرچم کو نذر آتش کردیا،خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے رانامنورغوث خان ،اور دیگر نے کہافرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں۔