حیدر آباد،ملتان،پاکپتن ،ساہیوال،شیخوپورہ (این این آئی ،ڈسٹرکٹ رپوٹر ز) گستاخانہ خاکوں کے خلاف مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ گز شتہ روز بھی جاری رہا۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں مہران ٹیچرز ایسوسی ایشن کی طرف سے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور ان کی سرکاری سرپرستی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مقررین نے کہاکہ نبی کریمﷺ کی ذات مبارک تمام مسلمانوں کو اپنی جان ومال اور آل اولادسے بھی مقدم ہے ، انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ فرانس کو لگام دیں جبکہ حکومت پاکستان فرانس سے تمام تعلقات ختم کرے ۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث وسنہ موونٹ پاکپتن کے زیر اہتمام نگینہ چوک میں فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا ،مقررین مو لانا سردارعلی سردار ، قاری یعقوب طاہر، عمران سلفی ، اور دیگر نے گستاخانہ خاکوں کیخلاف شدید مذمت کی ۔ احتجاجی مظاہر ہ میں مرکزی جمیعت اہل حدیث کے کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی ۔ ساہیوال اور شیخوپورہ میں بھی فرانس کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور فرانسیسی جھنڈے اور صدر کے پتلے جلائے گئے ۔