بریج ٹاؤن (نیٹ نیوز) کیریبین ملک بارباڈوس نے معروف پاپ گلوکارہ ریحانہ کو تعلیم و صحت کی سفیر مقرر کردیا۔ پاپ گلوکارہ پہلے بھی اپنے ملک کی خصوصی سفیر برائے کلچر کی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ انہیں حکومت کی جانب سے ایک سفیر کے خود مختار اعلیٰ عہدے پر فائز کیا گیا ہے ۔ گلوکارہ کو جنیوا کنونشن کے اصولوں کے تحت تعینات کیا گیا ہے ۔بارباڈوس حکومت نے بتایا کہ گلوکارہ ریحانہ ملک میں تعلیم، سیاحت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے کام کریں گی، تاہم انہیں صحت جیسے مسائل پر بھی کام کرنے کا اختیار ہوگا۔ خاتون وزیر اعظم میا امور موتلے نے ریحانہ کی تقرری کو حکومت کیلئے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریحانہ کی حب الوطنی اور ملک کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ریحانہ کا شمار دنیا کی مقبول ترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے ، وہ بارباڈوس کے جنوب مغربی جزیرے سینٹ مائیکل میں 1988 کو پیدا ہوئی تھیں۔