گلگت بلتستان میں وزیر اعلیٰ خالد خورشید کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت بن گئی ہے۔ نومنتخب کابینہ کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ اور کابینہ کے ارکان کو مبارک باد دی اور کہا کہ گلگت بلتستان میں ایسی حکومت آئے گی جو نئے معیار قائم کرے گی۔ گلگت بلتستان کے عوام یقینا ایسی ہی تبدیلی اورمعیارات کے مستحق اور خواہشمند ہیں جو ان کے برسوں کے مسائل کا مداوا ہو سکے۔ وزیر اعظم نے نئی کابینہ کے ارکان سے خطاب میں بہت سے وعدے کئے ہیں جن میں 10لاکھ روپے تک کسی بھی ہسپتال سے فری علاج،سپیشل اکنامک زون کا قیام، 250بیڈ کا ہسپتال اور سیاحت کے فروغ کے علاوہ دیگرکئی ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔اس وقت گلگت بلتستان میں سب سے زیادہ بیروزگاری کے خاتمے اور روزگار کے مواقعے پیدا کرنے اور سیاحت کے فروغ پر حکومتی توجہ کی ضرورت ہے۔ مقامی سطح پر گلگت بلتستان کو اس وقت بجلی کی کمی،تعلیم، مہنگائی، انفراسٹرکچر اور سب سے بڑھ کر صحت کے مسائل کا سامنا ہے۔ اگرچہ وزیر اعظم نے ان تمام مسائل کے حل کا عندیہ دیا ہے تا ہم ضرورت اس امر کی ہے کہ نئی صوبائی حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کی جانب توجہ مبذول کرے اور کسی بھی قسم کی سیاسی وابستگیوں سے بالا ترہو کر ان مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرے اور اپنے وہ تمام وعدے پورے کرے جو انتخابات کے دوران بلتستانی عوام سے کیے گئے تھے۔