لاہور(92نیوزرپورٹ)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت رات گئے خصوصی اجلاس ہوا۔اجلاس میں گندم اورکھادکی سمگلنگ کی روک تھام اورقیمتوں میں استحکام کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ۔ سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے میں کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔اجلاس میں پنجاب کے خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیاگیا۔چیک پوسٹوں پر بھی ٹرکوں کی چیکنگ کی جائے گی۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ گندم اورکھاد کے ذخیرہ اندوزو ں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے ۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے مزید ہدایت کی کہ گندم کی خریداری کا ہدف حاصل کرنے کیلئے کمشنرز اورڈپٹی کمشنرزفعال انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ محسن نقوی نے مفت آٹے کی فراہمی کے تاریخ ساز پیکیج کی کامیابی پر صوبائی وزرائ،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس ،تمام کمشنرز، آر پی اوز،ڈپٹی کمشنرزکو مبارکباددی اور ان کی کارکردگی کو سراہا ۔چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سی سی پی او لاہو ر،سیکرٹریزسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن، ٹرانسپورٹ، صنعت،اوقاف،زراعت،کمشنر لاہورڈویژن، کین کمشنر،ڈی جی پی ایچ اے اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنر ز،آر پی اوز،ڈپٹی کمشنرز اورڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔