مکرمی۔کُنگی ایک پھپھوندی کے ذریعے پھیلنے والا مرض ہے ۔یہ مرض ساز گار موسمی حالات میسر آنے پر قوت مدافعت سے عاری اقسام پر حملہ آور ہو کر پیداوار میں کمی کا سبب بنتا ہے۔ جب قوت مدافعت سے عاری اقسام وسیع و عریض رقبہ پر کاشت ہوں اور ساز گار موسمی حالات میسر ہوں یعنی وقفے وقفے سے بارش اور 70فیصد سے زائد نمی ہوتو یہ بیماری ہوا کے ذریعے تیزی سے پھیل کر وبائی صورت اختیار کرسکتی ہے۔ پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی کے پیش نظر گندم کی فصل نہایت اہم اور نمایاں حیثیت کی حامل ہے کیونکہ ملکی غذائی ضرورت کا 75فیصد سے زیادہ گندم کی فصل سے ہی پورا ہوتا ہے لہٰذا ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر گندم کی پیداوار میں اضافہ نہایت ضروری ہے۔ گندم کی فصل پر بہت ساری بیماریاں حملہ آور ہوتی ہیں جن میںکنگی کا مرض نہایت اہم ہے پوری دنیا میں گندم کی کنگی کے امراض کو فوڈ سیکیورٹی کے لئے ’’خطرناک‘‘ قرار دیا جاچکا ہے۔ کیونکہ یہ مرض وبائی صورت اختیار کر کے گندم کی پیداوار میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔ گندم کی فصل پر تین مختلف اقسام کی کُنگی کی بیماریاں حملہ آور ہوتی ہیں بھوری کُنگی کاحملہ تقریباً پنجاب کے تمام اضلاع میں یکساں طور پر ہوتاہے اور اس بیماری کی وبائی صورت میں پیداوار میں نمایاں کمی ہوتی ہے۔ اس کے پھیلائو کیلئے موزوں ترین درجہ حرارت 15 تا22ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ (نوید کاہلوں ملتان )