اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی ریسرچ سید فخر امام نے کہا ہے کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کسانوں کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور چاروں صوبوں کی حمایت سے وفاقی حکومت جلد ہی گندم کی کم سے کم قیمت کی اعلان کریگی۔ا نہوں نے کہا کہ بعض عناصر بڑی تعداد میں ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں جس کے باعث مصنوعی قلت پیدا کرتے ہیں اور قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔ دریں اثناء ملک میں ٹڈی دل کے حملے کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کا اجلاس وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی سید فخر امام کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے نمائندوں کے علاوہ سندھ کے 3 ارکان سندھ اسمبلی سدرہ عمران، سنجے گنوانی اور شہزاد قریشی نے بھی شرکت کی ۔