کراچی (نیٹ نیوز) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ملک پر نااہل ٹولہ مسلط ہے ، اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے ملک میں بحران پیدا کئے جا رہے ہیں، گندم عمران خان کے سہولت کار کھا گئے ، اب الزام سندھ پر لگایا جا رہا ہے ، اگر گندم کا بحران سندھ نے پیدا کیا تو چینی کی قیمتیں کس نے بڑھائیں؟انہوں نے کہا غلامان بنی گالہ بتائیں کہ بجلی، گیس اور پٹرولیم کی قیمتیں کس نے بڑھائیں؟ کیا آئی ایم ایف سے عوام دشمن شرائط پر قرضہ بھی سندھ نے لیا؟ عمران سرکار قوم کیلئے عذاب بن چکی ہے ، اب اسے جانا ہوگا۔پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ عمران خان حکومت سندھ کے حق حاکمیت پر ڈاکہ ڈال رہی ہے ، عوام کے مینڈیٹ پر قائم سندھ حکومت کا آئی جی تبدیل کرنے کا استحقاق تک چھینا گیا ، دوسرے صوبوں میں جب چاہے آئی جی تبدیل کئے جاتے ہیں لیکن یہ پابندی صرف سندھ پر کیوں ہے ؟مولا بخش چانڈیو نے کہا ہم صوبوں کے حق حاکمیت سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے ۔