اسلام آباد (وقائع نگار، 92نیوز رپورٹ، این این آئی، صباح نیوز)وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے رانا ثناء اﷲ کا کیس راولپنڈی ٹرانسفر کرنے یا جیل میں ٹرائل کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ گواہوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہر یار آفریدی نے رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اﷲ کو ڈرگ لارڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کہ میکسیکو کا ڈرگ لارڈ ایل چیپوہے ۔2013میں 4مرلے جائیدادرکھنے والے کے پلازے اورجائیدادیں کیسے بن گئیں؟ راناثنا اﷲ کی ذرائع آمدنی کا کچھ پتہ نہیں، اربوں روپے کہاں سے آئے ؟ فروخت کچھ کیا نہیں،اے این ایف جیسے ادارے کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے ، ملز م کا ٹرائل نہیں ہورہاہے ۔ رانا ثناء اﷲ کھلے عام دھمکیاں دے رہے ہیں، ہمارے گواہان کی زندگی کو خطرہ ہے ، وکیل پرحملہ ہوا، ، آئی جی پنجاب فوری تحفظ فراہم کریں۔شہریار آفریدی نے کہا راناثناء اللہ کا کیس ہمارے لئے ٹیسٹ کیس ہے ، وہ لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گواہان کے تحفظ کے لئے کیس کو لاہور سے راولپنڈی منتقل کیا جائے ،روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کیا جائے ، چیف جسٹس عدالت کو آرڈر کریں کہ استغاثہ کو ثبوت پیش کرنے کی اجازت دیں،، اے این ایف اہلکاروں کو دی جانے والی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے ، پریس کانفرنس میں رانا ثناء اﷲ کا مبینہ آڈیو پیغام بھی چلایا۔