اسلام آباد،چار سدہ ( خبر نگار خصوصی،نمائندہ 92نیوز ،مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن) جمعیت علما اسلام (ف) اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم اپنی تحریک کو آخری حد تک پہنچا کر دم لیں گے اور انشاء اﷲ ان کو دسمبر نہیں دیکھنے دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتمانزئی چارسدہ میں سابق صوبائی وزیر قانون بیرسٹر ارشد عبداللہ خان کی رہائش گاہ پر اُن کے شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم نے دھاندلی حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا اور سب کا اتفاق ہے کہ ان حکمرانوں نے پاکستان کو تباہ کردیا ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، تمہاری کرسی کی کوئی حیثیت نہیں، تمہاری حکمرانی کو ہم مسترد کرتے ہیں۔مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے عوام کا سمندر اٹھے گا۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں جنگ لڑنا چاہتے ہیں، تحریک چل پڑی اب منزل پر جاکر رکے گی ۔دریں اثنا پی ڈی ایم کا پہلا اجلاس آج مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر دن تین بجے ہوگا۔پی ڈی ایم کے اجلاس میں صوبائی تنظیم سازی سمیت احتجاجی تحریک کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی اجلاس میں جلسہ سے پہلے پکڑ دھکڑ اور گرفتاریوں کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔