لاہور، قلعہ دیدارسنگھ، نوشہرہ ورکاں ، سیالکوٹ، اوکاڑہ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بٹ خیلہ (سپیشل رپورٹر، نامہ نگاران، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، جنرل رپورٹر ، نمائندہ 92 نیوز ) گوجرانوالہ کے علاقے قلعہ دیدارسنگھ میں حافظ آباد روڈ پر مان موڑ کے قریب وین کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے ماں بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ، ڈرائیور فرار ہوگیا، پولیس نے وین قبضہ میں لے لی، قلعہ دیدار سنگھ کا 19 سالہ ذیشان اپنی 55 سالہ ماں پروین ، 16 سالہ کزن آمنہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر گوجرانوالہ جا رہا تھا، وین نے ٹکر مار دی، ذیشان اور آمنہ موقع پر جاں بحق ہوگئے ، پروین شدید زخمی ہوگئی، ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی دم توڑ گئی، ایک روز قبل جمعہ کو اسی جگہ بس نے 12 سالہ لڑکی کو کچل کر مار ڈالا تھا، 3 افراد کی موت پر لواحقین نے احتجاج کیا، روڈ بلاک کرکے گاڑی میں توڑ پھوڑ کی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کردیا۔ فقیروالی میں دو موٹر سائیکلوں میں تصادم ہونے سے 2 نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگئے ، نواحی گاؤں 211 نائن آر کے قریب تصادم ہوا، علی رضا اور 177 سیون آر کا شاہد چل بسے ۔ لاہور کے علاقہ ہیئر میں تیز رفتار ٹرک نے 55 سالہ شہری کر مار ڈالا، سیالکوٹ میں تھانہ صدر ڈسکہ کے گاؤں سیوکے کا عبد اللہ والدہ افضال بی بی اور چار سالہ بیٹے موسی کے ساتھ موٹر بائیک پر جا رہا تھا، گاؤں کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کو کراس کرتے ہوئے پھسل گیا، ٹرالی نے موسی کو کچل کر مار ڈالا، ڈرائیور فرار ہوگیا۔ سیالکوٹ میں تھانہ ستراہ کے علاقہ میانوالی بنگلہ کے 18 سالہ عدیل اشفاق موٹر سائیکل پر جا رہا تھا، موٹر بائیک بے قابو ہوکر دیوار سے ٹکرا گئی، عدیل زخمی ہوگیا اور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ اوکاڑہ میں ٹریفک حادثہ میں دلہاجاں بحق اور بیوی زخمی ہوگئی، نیشنل ہائی وے اڈاکسان کے قریب تیز رفتاروین نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، نئی شادی کے بعد رشتہ داروں کے ہاں کھانے کی دعوت پر جاتے ہوئے شوہر جاں بحق ہوگیا اور بیوی زخمی ہوگئی، اوکاڑہ میں دیپالپور روڈ اڈا پیر ولی کے قریب تیز رفتار ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، نواں کوٹ کا موٹر سائیکل سوار 50 سالہ محمد ولد عیدا جاں بحق ہوگیا۔ حافظ آباد کے نواحی گاؤں بھوبھڑا کے قریب تیزرفتار ڈمپر اور ٹرک میں تصادم میں ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، وقاص ٹرک لیکر لاھور سے سرگودھا کی جانب جارہا تھا، مخالف سمت سے آنے والے ڈمپر نے ٹکر دے ماری ، وقاص موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ ملتان کے علاقے بوسن روڈ اڈا برساتی کے نزدیک ڈالے اور موٹر سائیکل میں تصادم میں دو بھائیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ، تھانہ الپہ کے علاقے اڈہ برساتی کے قریب 22 سالہ عبداللہ اپنے دوستوںمحمد اعجاز اور محمد حمزہ کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا، ڈالے نے ٹکر مار دی، تینوں جاں بحق ہوگئے ۔ بٹ خیلہ میں سوات موٹر وے پر کار اور ڈمپر میں تصادم کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے ،ڈمپر ڈرائیور فرارہوگیا، لیوی پوسٹ الہ ڈھنڈ کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کی صبح سوات موٹرے وے پر سیرئی خوڑ کے قریب اسلام آباد سے سوات جانیوالی کار اور ڈمپر کے درمیان تصادم سے کار سوار اویس اور سہیمہ جاں بحق ہوگئے ۔