گوجرانوالہ(ڈسڑکٹ رپورٹر ) چار روز قبل انڈونیشیا میں حراست میں لئے جانے والا بھتہ خور آج گوجرانوالہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا، ملزم کو ہفتہ کو ہی پاکستان منتقل کیا گیا تھا ، پولیس حکام کے مطابق وزیر آباد میں پولیس مقابلہ بھتہ خوری،اغوا اور قتل کی 26 وارداتوں میں ملوث لقمان ہلاکو ہلاک ہوگیا، لقمان ہلاکو کو انٹرپول کی مدد سے 21 جنوری کو انڈونیشیا سے گرفتارکیا گیا تھا، لقمان ہلاکو کا شمار پنجاب کے بڑے گینگسٹرز میں ہوتا تھا، لقمان ہلاکو 10 سال سے پولیس کو مطلوب تھا، ہلاکو بھتہ نہ دینے پر 7 افراد کو شوٹرز کے ذریعے قتل کرواچکا ہے ، صوبائی وزارت داخلہ کی طرف سے ہلاکو کے سر کی قیمت دس لاکھ مقرر کی گئی تھی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آج ہلاکو کو نشاندہی کے لئے لے جایا جا رہا تھا کہ اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا، لقمان ہلاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔