کراچی(نیٹ نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے قانونی اعتراضات اٹھاتے ہوئے سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کو غیر قانونی قرار دے دیا۔سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس جاری ہے ، تاہم اجلاس کے سیشن کے دوران ہی گورنر سندھ نے اجلاس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے سپیکر آغا سراج درانی کو خط لکھ دیا ہے جس میں قانونی اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔گورنر عمران اسماعیل نے خط میں لکھا ہے کہ سندھ اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن پر پیپلزپارٹی کے بہت سے ارکان کے دستخط مشکوک ہیں، کیوں کہ ریکوزیشن پر جن ارکان کے دستخط تھے ، ان میں سے بعض بیرون ملک اور بعض بیرون شہر تھے ۔پیپلزپارٹی کے ملک اسد سکندر، راجہ عبدالرزاق اور سہراب سرکی 10جون کو ملک میں نہیں تھے جبکہ فریال تالپور اورمنور وسان بھی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرانے کے وقت کراچی میں نہیں تھے ۔گورنرسندھ کے خط میں سپیکر آغا سراج درانی سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سیکرٹری سندھ اسمبلی نے گورنر سیکرٹریٹ کو دستخط شدہ ریکوزیشن فراہم نہیں کی۔ بتایا جائے کہ مشکوک دستخط کرکے اجلاس کی ریکوزیشن جمع کرانے کی جعلسازی میں کون ملوث ہے ۔