کراچی(سٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے سندھ حکومت کوایک بارپھرمفاہمت کا پیغام دے دیا ہے ۔کہتے ہیں خواہش ہے تمام ترقیاتی منصوبوں میں سندھ حکومت ساتھ ہو ۔گورنرسندھ عمران اسماعیل نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہاکہ وزیراعظم کے سندھ کیلئے ترقیاتی منصوبے عوام کے لیے ہیں، آئیں مل کر ان کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔علاوہ ازیں گورنرسندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت احساس پروگرام کے تحت سندھ بھر میں لنگر خانہ قائم کرنے کے سلسلے میں گورنر ہاؤس میں اجلاس ہوا۔گورنر نے کہا کہ ملک بھر میں بے روزگاری ، مہنگائی اور غربت کے باعث اکثر لوگ بھوکے سو تے ہیں،بھرپور کوششیں کررہے ہیں کہ کوئی بھی شخص بھوکا نہ سو ئے ۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حیدرآباد یونیورسٹی کے قیام کی کمیٹی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں تعلیم کے فروغ کے لئے کوشاں ہے ۔انہوں نے بابا گرونانک دیو جی کی 550 ویں سالگرہ کی مناسبت سے گورو نانک دربار کراچی میں تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔