کامونکے ، ایمن آباد، اسلام آباد،قصور ، سیالکوٹ (نامہ نگار ،سٹاف رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹرز) موٹر سائیکل سوار افراد کی پیشی بھگت کر واپس آنے والے کار سواروں پر فائرنگ، چار افراد قتل جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے ، آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ دیگر واقعات میں خاتون سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقہ قلعہ میاں سنگھ کے رہائشی جٹ گروپ کے احد وغیرہ کی بندیشہ گروپ کے ساتھ قتلوں کی رنجش چلی آرہی تھی ،گزشتہ روز احمد،کاشف،سفیان، قاسم، شہزاد ،جمشید اور آفتاب دو کاروں میں فیروزوالہ عدالت میں پیشی بھگت کر واپس آرہے تھے کہ تھانہ صدر کے علاقہ پاک ٹاؤن کے قریب موٹرسائیکلوں پر سوار حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں کار سوار احد، کاشف اور سفیان جاں بحق جبکہ چار افراد شہزاد، قاسم، جمشید ،آفتاب شدید زخمی ہوگئے ، ایک زخمی قاسم کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرانوالہ ریفر کیا گیا لیکن وہ دم توڑ گیا ۔پولیس کے مطابق مقتولین کی قتلوں کی رنجش ہے اور اسی سلسلہ میں پیشی بھگت کر واپس آرہے تھے ،ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ اسلام آباد میں زمین کے تنازع پر تھانہ کورال کے علاقہ پنڈوری سیداں میں دو گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں فراز کیانی اور عدیل الرحمان جاں بحق جبکہ خرم زخمی ہوگیا۔ قصور میں تھانہ صدر پولیس کے علاقہ کیلوں میں نشئی شوہر منظور نے جھگڑے پر کلہاڑی کے وار سے اپنی بیوی شبانہ بی بی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پو لیس تھا نہ صد ر قصور نے حمز ہ ٹا ؤ ن با ئی پا س سے ایک 55سالہ شخص کی نعش بر آ مد کر لی ہے ، پولیس کے مطابق متوفی حلیہ سے نشئی معلوم ہوتا ہے ۔ڈسکہ کے علاقہ جامکے روڈ کے رہائشی 18سالہ مزمل کو اسکے دوست تیمور، سفیان عبداللہ اور نامعلوم شخص نے گھر سے بلا کر قتل کر دیا ، ملزمان اہلخانہ سمیت گھروں سے فرار ہو گئے ہیں ۔ تھانہ صدر پولیس نے مقتول مزمل کے والد طارق کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے ۔