کوئٹہ ( آن لائن ) گوادر کی پہلی ولاگر کا اعزاز رکھنے والی خاتون انیتا جلیل بلوچ نے اپنے دو مرد ساتھی فنکاروں پر ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرا دیا۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انیتا نے مقدمہ درج کرانے کا بتایا جبکہ گوادر پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔چند روز قبل انیتا کے حوالے سے خودکشی کرنے کی خبریں بھی آ ئی تھیں۔ گوادر پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ انیتا کے گھروالوں سے رابطہ کیا، اہلکار گھر گئے تو انتیا نے بتایا کہ 8دسمبر کو رات کو تین افراد بلوچ حسین، انکی اہلیہ اور سرفراز احمد انکے گھر آئے ، مرد نشے میں تھے اور انہوں نے میرے کیخلاف قابل اعتراض الفاظ استعمال کئے اور ہراساں کیا، میرے چچا عبد الحق اور عبد الجبار نے تینوں کو گھر سے نکال دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔انیتا بلوچی تھیٹراور فلم میں بھی کام کرتی رہی ہیں لیکن انہیں شہرت ولاگنگ سے ملی۔